پاکستان پانچواں گنجان ترین ملک، آبادی میں اضافہ ترقی کا عمل روک رہا ہے، میرخلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی کا سیمینار

October 12, 2018

لاہور (رپورٹ :وردہ طارق) پاکستان کی آبادی 21کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، پاکستان دنیا کا پانچواں گنجان آباد ملک ہے،ملک میں آبادی میں اضافہ ترقی کاعمل روک رہا ہے، حالیہ مردم شماری 2017ءکے مطابق پنجاب کی آبادی 11کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، پاکستان کے دس گنجان ترین شہروں میں سے پانچ صوبہ پنجاب میں واقع ہیں،آبادی کے حوالے سے لوگوں کی سوچ کو تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی، پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب اور UNFPA کے زیراہتمام ورلڈ پاپولیشن ڈے 2018ء کے حوالے سے ہونے والے خصوصی سیمینار بعنوان ’’خاندانی منصوبہ بندی ایک بنیادی انسانی حق‘‘ میں کیا۔ سیمینار کی صدارت صوبائی وزیر پاپولیشن ویلفیئرکرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے کی۔ مہمان خصوصی سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ بشریٰ امان تھیں۔ حرف آغاز ڈی جی پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ آف پنجاب نعیم الدین راٹھور نے پیش کیا۔ مقررین میں خطیب بادشاہی مسجد لاہور مولانا عبدالخبیر آزاد، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ لیڈی ولنگٹن ہسپتال لاہور پروفیسر ڈاکٹر ارشد چوہان، پروفیسر آف گائنی سرگنگا رام ہسپتال لاہور پروفیسر ڈاکٹر زہرہ خانم، مذہبی سکالر علامہ شہزاد مجددی، کارٹونسٹ جاوید اقبال، میزبان ’خبرناک‘ عائشہ جہانزیب، ریذیڈنٹ ڈائریکٹر گرین سٹار سوشل مارکیٹ مظفر محمود قریشی، ڈائریکٹر جنرل پیلاک ڈاکٹر صغریٰ صدف، کوچ کنیئرڈ کالج ڈی بیٹنگ سوسائٹی نتاشہ فیصل، پروگرام ٹیکنیکل سپیشلسٹ UNFPA، شعیب احمد شہزاد شامل تھے میزبانی کے فرائض چیئرمین میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی واصف ناگی نے سرانجام دیئے۔ تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبولؐ کی سعادت محمد خلیق حامد نے حاصل کی۔ کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے جس سے ملک خوشحال ہو، ہمیں لوگوں کو احساس دلانا ہے کہ آبادی کا مسئلہ بہت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ ہم نے اپنی اس مہم میں علماء دین کو شامل کرنا ہے۔ ضلعی اور تحصیل سطح پرکام کرنا ہے۔