اسلام آباد(نمائندہ جنگ )دفترخارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے بھارتی وزیراعظم کے اشتعال انگیز بیانات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی کی خواہش کو پاکستان سے جوڑنا جھوٹ ہے‘ پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنے حقوق کی حفاظت کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گا‘ انڈیاکسی غلط فہمی میں نہ رہے‘ امن کے لئے ہمارے عزم کو کبھی کمزوری نہ سمجھا جائے.
آئندہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور عزم کے ساتھ فیصلہ کن جواب دیا جائےگا‘بھارت کوئی غلطی نہ کرے، ہم آنے والے دنوں میں بھارت کے اقدامات اور رویے پر کڑی نظر رکھیں گے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے کہاہے کہ ہندوستان نے سندھ طاس معاہدہ توڑاتواسے اعلان جنگ تصورکیاجائےگا‘ کشیدگی کے دوران پاکستان نے بھارت پر حملہ کرنے کے لیے جوہری ہتھیار نصب کرنے پر غور نہیں کیا‘ مذاکرات میں پانی کامسئلہ حل نہ ہواتو جنگ بندی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ‘پاکستان کی بھارت کیخلاف جوابی کارروائی کے بعد امریکا متحرک ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق ایک ایسے وقت میں جب علاقائی امن اور استحکام کے لئے بین الاقوامی کوششیں کی جا رہی ہیں بھارتی وزیراعظم کا خطاب غلط معلومات، سیاسی موقع پرستی اور بین الاقوامی قانون کی صریح بے توقیری میں جڑے خطرناک اضافے کی نمائندگی کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ بیان جارحیت کا جواز پیش کرنے کے لئے گمراہ کن داستانیں گھڑنے کے رجحان کی بھی عکاسی کرتا ہے‘مایوسی اور بد حواسی میں یہ کہنا کہ جنگ بندی کی خواہش پاکستان نے کی ایک اور صریح جھوٹ ہے‘
انہوں نے کہا کہ بھارت کوئی غلطی نہ کرے، ہم آنے والے دنوں میں بھارت کے اقدامات اور رویے پر کڑی نظر رکھیں گے اور ہم عالمی برادری سے بھی ایسا کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔