• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیمز بانڈ سیریز کا اداکار 89 سال کی عمر انتقال کرگیا

جیمز بانڈ سیریز میں 10 سال تک شاندار پرفارمنس دینے والے اداکار جو ڈان بیکر 89 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔

فلم اور ٹی وی دونوں شعبوں میں فن مہارت رکھنے والے باصلاحیت اداکار جو ڈان بیکر نے 2012ء میں اپنی فلم مڈ کی ریلیز کے ساتھ ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔

جو ڈان بیکر کو واکنگ ٹال اور 1987 سے 1997ء کی جیمز بانڈ سیریز کی 3 فلموں میں شاندار پرفارمنس کی بدولت شہرت ملی۔

ٹیکساس میں 1936ء میں پیدا ہونے والے جو ڈان بیکر نے47 سال بطور اداکار پرفارمنس دی، وہ مداحوں کےلیے یاد گار فنی وراثت چھوڑ گئے ہیں۔

انہوں نے 1965ء میں ہالی ووڈ میں بطور اداکار فلمی کیرئیر کا آغاز کیا اور 2012ء میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، نارتھ ٹیکساس اسٹیٹ کالج سے بزنس ایڈمنسٹریشن کی ڈگری لی اور پھر 2 سال امریکی فوج میں خدمات انجام دیں۔

بعد ازاں انہوں نے نیو یارک سٹی میں اداکاری کی تربیت حاصل کی اور 1965ء میں ٹی وی سیریز ہنی ویسٹ سے ڈیبیو کیا، اُن کی کامیابی کا سفر 1973ء میں واکنگ ٹال سے شروع ہوا۔

جو ڈان بیکر نے جیمز بانڈ سیریز میں 1987ء میں دی لیونگ ڈے لائٹس، 1995ء میں گولڈن آئی اور 1997ء میں ٹومارو نیور ڈائیز میں اداکاری کے جوہر دکھائے، جنہیں مداحوں نے خوب پسند کیا۔

وہ برطانوی منی سیریز ایج آف ڈارکنیس میں شاندار پرفارمنس پر بافٹا ایوارڈ کےلیے بھی نامزد کیے گئے تھے، جو ڈان بیکر 11 سال شادی شدہ رہے لیکن اُن کی کوئی اولاد نہ تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید