پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 29 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کردیا۔
راولپنڈی میں بارش سے متاثرہ 13 اوورز کے سنسنی خیز میچ میں لاہور قلندرز نے 8 وکٹ پر 149رنز اسکور کیے اور پشاور زلمی کو جیت کے لیے 150 رنز کا ہدف دے دیا۔
پشاور زلمی کی ٹیم 150 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 123 رنز ہی بنا سکی۔
زلمی کی ٹیم پہلی باہر پی ایس ایل کے پہلے راؤنڈ میں ایونٹ سے باہر ہوئی ہے۔
پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو لاہور قلندرز کے فخر زمان اور محمد نعیم نے زبردست آغاز کیا، دوسرے اوور میں ہی 21 رنز بنا لیے۔
فخر زمان نے 60 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، پشاور زلمی کے فیلڈرز نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 آسان کیچ چھوڑے، جن میں سب سے مہنگا کیچ فخر زمان کا تھا جس نے ان کی اننگز کو طول دیا۔
قلندرز کی اننگز کے آخری حصے میں وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا اور ٹیم کا اسکور 160 سے زائد جانے کے امکانات کو دھچکا لگا، کوشال پریرا اور آصف علی نے درمیانی اوورز میں اہم کردار ادا کیا، لیکن آصف علی 18 رنز کی مختصر مگر تیز اننگز کے بعد آؤٹ ہو گئے، شکیب الحسن بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔
لاہور قلندرز کے فخر زمان نے 60، محمد نعیم نے 22، آصف علی نے 18، کوشال پریرا نے 17 رنز بنائے، پشاور زلمی کے بولر احمد دانیال، علی رضا اور ڈینیئل سیمز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے اطراف تیز آندھی کے باعث لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ کے ٹاس میں تاخیر ہوئی تھی، جس کے بعد میچ تاخیر سے 9 بج کر 45 منٹ پر شروع ہوا۔
بارش اور خراب موسم کے باعث میچ کو 13 اوورز فی اننگز کر دیا گیا تھا۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق رات 9 بجے سے اوورز میں کمی کا عمل شروع ہوا، جبکہ 8 بج کر 55 منٹ پر گراؤنڈ سے تمام کورز ہٹا دیے گئے، اس کے بعد کھلاڑی پہلی بار وارم اپ کے لیے میدان میں نظر آئے۔
یہ میچ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے، جہاں ہارنے والی ٹیم کے لیے پی ایس ایل کا سفر ختم ہو جائے گا۔