لندن (پی اے) برکشائر، سلائو کے سالٹ ہل پارک میں15سالہ لڑکے کو تیز دھار آلے کے وار کرکے قتل کردیا گیا۔ پولیس نے قتل کی تحقیق شروع کردی ہے۔ ٹیمز ویلی پولیس کے سراغ رساں کہتے ہیں کہ مقتول کی کسی کے ساتھ بحث و تکرار ہوئی، اس کے بعد اس پر حملہ کیا گیا، تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو اس قتل کے بارے میں کوئی علم ہو تو پولیس کو اطلاع دے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کے دوران اسکیٹ پارک میں اور بھی کئی لوگ موجود ہوں گے۔ اس لیے ہم عینی شاہدین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پولیس کی مدد کریں۔ علاقے میں پولیس کی نفری بڑھا دی گئی اور لوگوں سے پوچھ کچھ جاری ہے۔