بلال اشرف نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق چہ مگوئیوں پر ہنستے ہنستے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے افواہیں پسند ہیں۔
پاکستان کے مقبول ترین اداکار بلال اشرف اکثر اپنی اداکاری سے زیادہ ذاتی زندگی کے حوالے سے خبروں میں رہتے ہیں۔
حال ہی میں بلال اشرف نے قیاس آرائیوں کا نہایت دلچسپ اور طنزیہ انداز میں جواب دیا، جس نے ان کے مداحوں کو مزید محظوظ کر دیا۔
اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر بلال نے لکھا کہ مجھے افواہیں پسند ہیں، ان کے ذریعے میں اپنے بارے میں ایسی باتیں جانتا ہوں جو مجھے خود بھی معلوم نہیں ہوتیں۔
یہ جملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور مداحوں نے بلال اشرف کے خوش مزاج رویے کو خوب سراہا۔
واضح رہے کہ بلال اشرف اور مایا علی کو حال ہی میں پی ایس ایل کے میچ (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ لاہور قلندرز) میں ایک ساتھ دیکھا گیا، جس کے بعد ان کے تعلقات کے چرچے پھر سے تازہ ہو گئے تھے۔
لیکن اصل طوفان اُس وقت آیا جب دونوں نے ایک رومانوی فوٹو شوٹ کیا، جس میں اُن کی کیمسٹری اور ہم آہنگی نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی تھی۔
یاد رہے کہ مایا علی اور بلال اشرف نے کبھی کھل کر اپنے تعلق کو تسلیم نہیں کیا ہے۔